
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی حکومت نے متعدد افسران کے تقرر و تبادلے کیے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق گریڈ 21 کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن میران محی الدین سومرو کو تبدیل کر کے ایڈیشنل سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے جبکہ تقرری کے منتظر گریڈ 21 کے محمد بشیر کھیتران کو او ایس ڈی بنا کر ان کی خدمات اٹیچمنٹ کی بنیاد پر پاکستان ورچوئل ایسٹس اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہیں۔
مذکورہ دونوں افسران کا تعلق سیکریٹریٹ گروپ سے ہے، دریں اثناء، ڈائریکٹر (آئی ایم)، ڈائریکٹوریٹ جنرل پاکستان پوسٹ آفس اسلام آباد طوبیٰ بتول کو تبدیل کرکے ڈپٹی سیکریٹری وزارت آئی ٹی تعینات کیا گیا ہے۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان حکومت کی لیکچرر (گریڈ 17) نائمہ عدنان کی ایف جی ای آئی (کینٹ اینڈ گیریژن) راولپنڈی میں تعیناتی میں مزید 2 سال کی توسیع کی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تقرر و تبادلوں اور ڈیپوٹیشن میں توسیع کے باضابطہ احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
