
سیول (رضا شاہ ) جنوبی کوریا کے شہر چھانگوان میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں محفل اور میلاد جلوس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے انتظامات سید رضا شاہ عطاری کی نگرانی میں کیے گئے۔
میلاد جلوس چھانگوان بس ٹرمینل سے چھانگوان کنونشن سنٹر تک نکالا گیا، جس میں جنوبی کوریا میں مقیم مسلمانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔
تقریب کے دوران تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور سیرتِ نبوی ﷺ کے موضوعات پر تقاریر کی گئیں۔ فراز مدنی عطاری نے اپنے خطاب میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کی اہمیت بیان کی۔
اس موقع پر مقررین نے سیرتِ نبوی ﷺ، محبتِ رسول ﷺ اور جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت مسلمانوں کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔
منتظمین کے مطابق، تقریب کے موقع پر جنوبی کوریا کی پولیس نے سیکیورٹی کے انتظامات کیے۔ منتظمین نے پولیس حکام کے تعاون کو سراہا۔
محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ، پاکستان اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
