اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر سے لاپتہ بچوں کے حوالے سے دائر درخواست پر آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بھکاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر سے لاپتہ بچوں کے حوالے سے دائر درخواست پر آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بھکاری بھیجنے میں تو اب ہم انٹرنیشنل ہو چکے ہیں،بیرون ملک بھکاریوں کا جانا کتنی شرم کی بات ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق آئینی بنچ میں ملک بھر سے لاپتہ بچوں کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کوئٹہ میں 6دن سے اغوا بچہ نہیں مل رہا، احتجاج سے پورا شہر جام ہو چکا لیکن حکومت کو پرواہ نہیں،کوئٹہ میں سکول کے بچوں نے بھی جلوس نکالا ہے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ کیا کسی صوبے میں کوئی ادارہ یا کمیشن ہے جو مغوی بچوں پر کام کررہا ہو۔18ویں ترمیم کے بعد اب صوبوں کے پاس اختیارات ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ ایک بچے کے اغوا پر پوراشہر بند ہے حکومت کو فکر نہیں،حکومت بلوچستانن ایک بچہ بازیاب نہیں کر پارہی، جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ بچوں کا اغوا اہم مسئلہ ہے جس پر سرکاری وکلا کی تیاری نہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کیس 2018سے چل رہا ہے لیکن بچے اب تک اغوا ہو رہے ہیں،ہر دوسرا کیس بچوں کے اغوا کا آتا ہے،سپریم کورٹ نے بچوں کے اغوا پر کمیٹی بنائی جس نے آج تک کام نہیں کیا، درخواستگزارنے کہاکہ سپریم کورٹ کی کمیٹی آج تک بنی ہی نہیں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ عدالت میں بچوں کے اغوا پر رپورٹ جمع کرا دیتا ہوں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ ہمیں رپورٹ نہیں چاہئے ، بچوں کے اغوا کا تدارک چاہئے، عمل چاہئے،جسٹس جمال نے کہاکہ ملک میں ہو کیا رہا ہے؟بنچ سربراہ سے درخواست کروں گا تمام آئی جیز کو طلب کرلیں،جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں ہر چیز پر دھول جھونکی گئی ،ہر طرف سے بارڈر کھلا ہے تو کیا ایسی گڈگڈرپورٹ ممکن ہے،قانون کی عملداری یقینی بنائیں،جسٹس امین الدین نے کہاکہ کتنے بچے اغوا ہوئے، کتنے بازیاب ؟عدالت کو تفصیلی رپورٹ چاہئے،جسٹس جمال نے کہاکہ ایف سی پر اربوں خرچ ہوتے ہیں، ان کا سوشل ویلفیئر میں کیا کردار ہے؟جسٹس حسن اظہر نے کہاکہ کراچی میں بچے ٹریفک سگنلز پر بھیک مانگتے ہیں،جسٹس امین الدین نے کہاکہ بھکاری بھیجنے میں تو اب ہم انٹرنیشنل ہو چکے ہیں،بیرون ملک بھکاریوں کا جانا کتنی شرم کی بات ہے۔