
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور رائیڈ ہیلنگ سروسز کی گاڑیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کرنے کا عمل جاری ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اب تک 40 ہزار سے زائد رکشوں، آن لائن کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن آویزاں کیے جا چکے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں کیو آر پینک بٹن نصب کر رہی ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیم موجود ہے۔ رکشوں میں پینک بٹن کی تنصیب کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دھارے میں لانے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیو آر پینک بٹن لازم قرار دیا گیا ہے۔ مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر شہر میں مزید چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز اختیار نہ کرنے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
