
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ توہین عدالت کیس نمٹا چکا،ہائیکورٹ فیصلے میں سلمان اکرم راجہ کی عدالت میں یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا۔
رپورٹ میں کہاگیاہے کہ سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں کریں گے،جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ سماعت کے دوران کسی نے اس معاملے پر اعتراض نہیں اٹھایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود میڈیا ٹاک کرکے خلاف ورزی کی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بنچ جیل رولز 265کو خلاف قانون قرار دے چکا، بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی ہر منگل جیل رولز کے تحت ملاقات ہوتی ہے،بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی ابتک 84ملاقاتیں ہو چکی ہیں،سلمان صفدر بھی 10فروری اور4اپریل کو بانی پی ٹی آئی سے ملے،میڈیکل افسران بانی پی ٹی آئی کا دن میں 3بار طبی معائنہ کرتے ہیں۔
