
میڈرڈ(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپین کے علاقے سیوٹا میں مہاجرین کا سیلاب آ گیا، مراکش سے ہزاروں افراد سرحد عبور کر گئے، بہتر مستقبل کی تلاش میں 9 افراد ہلاک ہو گئے۔
شمالی افریقہ میں سپین کے خودمختار علاقے سیوٹا میں مراکش سے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے مہاجرین کی تعداد میں اچانک اضافے کے بعد مقامی حکام نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی اور سماجی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔
سیوٹا کی حکومت کے مطابق 10 روز کے دوران ایک ہزار 500 سے 2 ہزار کے درمیان مہاجرین مراکش سے سرحد عبور کر کے علاقے میں داخل ہوئے، جبکہ صرف ایک ہی روز میں مزید سیکڑوں افراد سیوٹا پہنچ گئے، صورتحال کے پیش نظر سیوٹا کے صدر جیسس ویواس نے ہسپانوی حکومت سے فوج تعینات کر کے سرحد کا کنٹرول سنبھالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
