
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایوان کا تقدس یقینی بنانا ہر رکن کی ذمہ داری ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی کی سیاست سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی دورِ حکومت میں ایوان میں کیا کیا نہیں ہوا؟ آئیں، اپنے ماضی کو درست کر کے ایوان کا تقدس بحال کریں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں اگر کوئی بہتری کی گنجائش ہے تو اسے درست کریں، گزشتہ دور حکومت میں آدھے گھنٹے کے اندر55 قوانین کو منظور کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز اپوزیشن سے ایوان میں بات کی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے ماضی سے سبق سیکھا، پی ٹی آئی دور میں کوئی بھی ہمارے میز پر نہیں آتا تھا کہ بانی ناراض نہ ہوجائیں، بانی پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں اپوزیشن سے کبھی بھی بات نہیں کی گئی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی رواداری کے کلچر کو برباد کر دیا، بانی پی ٹی آئی نے سیاسی اور جمہوری روایات کو شدید نقصان پہنچایا۔
