
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا حکومت نے 9 اور 10 محرم کے دن حفاظتی اقدامات کے پیش نظر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائے نیوز‘‘ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں 9 اور 10 محرم کے موقع پر سیکیورٹی کے جامع پلان کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق بعض علاقوں میں موبائل فون سروس مکمل طور پر معطل رہے گی جب کہ دیگر حساس مقامات پر جزوی پابندیاں عائد کی جائیں گی جس کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور مذہبی تقریبات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا ہے۔
صوبائی حکومت نے عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔
صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن سینٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔
