
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے کوئی الائنس نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی کے خمیر میں ہی نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کرے۔
’’جیو نیوز‘‘ کے پروگرام’’ کیپیٹل ٹاک ‘‘میں میزبان حامد میر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، پی پی کے کچھ تحفظات ہیں جس پر انہوں نے کہا ہے اس کا سیاسی حل ہونا چاہیے۔( ن) لیگ آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری طارق فاروق کو سپیکر قانون ساز اسمبلی نامزد کیا ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی وہاں پر بیٹھے مظاہرین سے متعلق جو فیصلہ کرے وہ آزاد ہے۔ ہمیں امید ہے وہ لوگ آپس میں اپنے مسائل کو بہتر انداز میں حل کریں گے۔
انہوں نے اپوزیشن الائنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے کوئی الائنس نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی کے خمیر میں ہی نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کرے۔ وزیر داخلہ کو توہین عدالت والی درخواست میں رکھنا یا نا رکھنا یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔
