
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ایک فیصلہ کن اقتصادی کارروائی آج شروع کی جائے گی، جو کسی دشمن کے خلاف کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا معاشی حملہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اب آخری مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، اس کی تقریباً 100 فیصد فوجی فیکٹریاں تباہ کر دی ہیں اور اس کے جوہری پروگرام کو دفن کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کا مقصد ایران کے آمرانہ نظام کو برقرار رکھنے والی تمام اہم اقتصادی شریانوں اور راستوں کو کاٹ دینا ہے، تاکہ بالآخر تہران مکمل طور پر تنہا رہ جائے، ایران سے تعاون کرنے والے ممالک بھی زد میں آئیں گے۔
سکاٹ بیسنٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی حکومت پیر سے ایران کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرے گی، یہ پابندیاں ایرانی حکومت کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔
