
کیپشن: representational image
مظفرآباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد میں مرکزی انجمن تاجران اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بازار کھولنے کے اعلان کے بعد پیر کے روز شہر میں جزوی طور پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں نو جون سے کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال جاری تھی، جس کے باعث کئی روز تک کاروباری اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں متاثر رہیں۔ گذشتہ ہفتے 27 جون کو مرکزی انجمن تاجران اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر بازار کھولنے اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سی ایم ایچ روڈ پر واقع میڈیکل مارکیٹ، جس میں میڈیکل سٹورز، لیباریٹریاں اور کلینکس شامل ہیں، مکمل طور پر کھل چکی ہے اور معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔مظفرآباد کے مرکزی لاری اڈے پر تمام ٹرانسپورٹ اڈے دوبارہ فعال ہو گئے ہیں اور مختلف روٹس پر مسافر گاڑیاں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ لاری اڈے سے ملحقہ بیشتر دکانیں بھی کھل گئی ہیں۔
