
ٹیکساس(ڈیل پاکستان آن لائن)امریکی ریاست ٹیکساس میں امریکی فوج کا اے ایچ-64 اپاچی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فورٹ ہُڈ فوجی اڈے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر سیلاڈو کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔ ہیلی کاپٹر زمین سے ٹکراتے ہی اس میں بڑے پیمانے پر خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کو مقامی وقت کے مطابق 1 بجکر 33 منٹ پر سیلاڈو گاؤں کے جنوب میں واقع کھیتوں میں ہیلی کاپٹر کے ملبے کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
حادثے میں دونوں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ حکام نے حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کی سرگرمی یا حادثے کی وجوہات کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فورٹ ہُڈ کرمنل انویسٹی گیشن ڈویژن نےحادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کے بعد جاری کی جائے گی۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 2 ماہ قبل امریکی فضائیہ کا بی-52 بمبار طیارہ بھی کیلیفورنیا میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
