
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی فرماں روا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی میزبانی میں سعودی عرب کے شہر جدہ میں چھٹی عالمی حج کانفرنس و نمائش 2026 کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب جدہ سپر ڈوم میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت دنیا کے 150 سے زائد ممالک کے وزرائے حج، اعلیٰ حکومتی عہدیداران، حج مشنز کے سربراہان اور حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری سید وحید شاہ اور دیگر پاکستانی وفد بھی موجود تھا۔حج ایکسپو 2026 میں 520 سے زائد سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے شریک ہیں۔ نمائش میں حج انتظامات، جدید ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، رہائش، خوراک، صحت، سکیورٹی اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق جدید منصوبے اور خدمات پیش کی جا رہی ہیں۔
