
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)’ بے بی ڈول‘ گانے سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ کنیکا کپور نے شادی کے 4 سال بعد شوہر گوتم ہتھیرامانی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
کنیکا کپور نے اپنی انسٹا سٹوری کے ذریعے دوسری شادی کی ناکامی کے بارے میں اپنی فیملی اور مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا سٹوری میں لکھا ہے کہ کافی غور و فکر کے بعد میں اور میرے شوہر اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں۔

بھارتی گلوکارہ نے شوہر کے ساتھ گزارے گئے وقت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
کنیکا کپور اور راج چندوک کی علیحدگی 2012ء میں ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے بھارت واپس آ کر موسیقی کے شعبے میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھایا تھا۔
بھارتی گلوکارہ کو 2014ء میں فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے مقبول گانے ’بے بی ڈول‘ سے غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔اس کے علاوہ ان کے معروف گانوں میں ’لولی‘، ’چٹیاں کلائیاں‘، ’دیسِی لک‘ اور ’او بولے گا یا او او بولے گا‘ شامل ہیں۔
