
جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف عمرہ اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے بعد پاکستان روانہ ہو گئے، وہ جینوا سوئٹزرلینڈ سے جدہ پہنچے تھے جہاں کچھ دن قیام کیا اور اس دوران انہوں نے عمرہ ادا کیا اور مبینہ منورہ پہنچ کر مسجد نبوی شریف میں نوافل ادا کئے اور روضہ رسول ﷺ پر درود و سلام پیش کیا، سابق وزیر اعظم سے روانگی سے قبل پاکستانی مسلم لیگی کارکنوں نے ملاقات کی اور انکی صحت کیلئے دعا کی ۔
ملاقات کرنے والے مسلم لیگیوں میں مسعود احمد پوری، چوہدری محمد اکرم گجر، ملک منظور حسین اعوان ، ملک بلال ، نور آرائیں ، عمر مسعود پوری اور میاں رضوان الحق شامل تھے۔ اس مختصر ملاقات میں کارکنوں نے آزاد کشمیر میں بیرونی تعاون سے دہشت گردی کی مذمت کی اور کارکنوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، فیلڈ مارشلُ عاصم منیر کی ایران امریکہ جنگ رکوا کر علاقے میں کامیاب امن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلم لیگ ہی ہے جو امن کی بات کرتی ہے جسے آج دنیا سراہ رہی ہے ۔
سابق وزیر اعظم نے کارکنوں کو ہدائت کی کہ وہ پاکستان میں خود بھی سرمایہ کاری کریں اور دوست ملک سعودی عرب میں سعودی عرب کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔
