
دمشق (ویب ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران، عراق اور شام نے اپنی فضائی حدود میں پابندیاں عائد کر دی ہیں جبکہ دمشق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق ایران نے اپنے مغربی علاقوں کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہیں۔ دوسری جانب عراق نے بھی حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شام کی حکومت نے جنوبی فضائی حدود کو 12 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا ہے جبکہ دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام فضائی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
علاقائی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی کے باعث بین الاقوامی فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو سفری منصوبوں کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی جا رہی ہے، جبکہ خطے میں مزید کشیدگی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
