
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قطر کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت قطر کی ممتاز کاروباری شخصیت اور شاہی خاندان کے سینئر رکن، شیخ نایف بن عید آل ثانی نے کی،چیئرمین سینیٹ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
’’24نیوز ‘‘ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور صدیوں پر محیط مفادِ باہمی پر مبنی تجارتی روابط پر استوار ہیں، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور سماجی و سیاسی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے وفد کو بین پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا موضوع موجودہ عالمی ماحول کے تناظر میں ’’امن، سلامتی اور ترقی‘‘ ہے اور جس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے اس کانفرنس کا آغاز کیا۔ انہوں نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس، اسلام آباد میں قطر کے معزز سپیکر کی شرکت کو سراہا۔
