
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت گیر امیگریشن پالیسی کے تحت تارکینِ وطن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
ان کارروائیوں کے تحت امریکا سے 4 ہزار 800 سے زائد بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے جبکہ امیگریشن حکام کی گرفتاریوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ یعنی امیگریشن نافذ کرنے والے ادارے نے گزشتہ ماہ ریکارڈ 51,000 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق ادارہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 2,000 گرفتاریاں کر رہا ہے جبکہ اگست کے پہلے ہفتے میں اوسطاً 4 ہزار 200 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق گزشتہ سال 3,567 بھارتی شہریوں کو امریکا سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جو 16 سال کی مدت کی سب سے زیادہ تعداد تھی، رواں سال کی پہلی ششماہی میں ہی مزید 1,273 بھارتی شہری ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔
