
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف اور مساوی مواقع ہر شہری کو میسر ہوں، ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا۔
علامہ محمد اقبالؒ کے یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پوری قوم شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے، علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو شناخت، حقوق اور اجتماعی مستقبل کا شعور دیا، اقبالؒ نے مسلمانوں کی سیاسی بیداری اور آزاد وطن کی جدوجہد کو فکری سمت عطا کی۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علم و عمل میں آگے اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کی تعمیر ہمارا عزم ہے، ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف اور مساوی مواقع ہر شہری کو میسر ہوں، ملک میں قانون کی حکمرانی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانا ہوگا، فکرِ اقبال پر عمل پیرا ہو کر ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط پاکستان تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
