
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ ’ہمارے پارلیمانی نظام اور سیاست کو جتنا عمران خان نے نقصان پہنچایاہے، پچھلے 78 سال میں کسی شخص نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا، ہمیں اور ان کو بھی یہ نہیں بھولناچاہیے کہ ماضی میں ہم نے کیاکیا کارنامے سرانجام دیئے ہوئے ہیں۔
سپیکرسردارایازصادق کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں وزیردفاع نے کہاکہ آپ کی کرسی پر بیٹھ کرآدھے پونے گھنٹے میں 55 قانون سازیاں کی تھیں جس کے بعد اسمبلی توڑدی تھی، بنیادی گناہ ہے کہ آپ (سپیکر) کی کرسی پر بیٹھ کر سپیکر ایک پارٹی کے حق میں اسمبلی تحلیل کردے،وہ شخص آج کہاں ہے؟ کدھر گئے ہیں؟ جب بھی کوئی بات کرتے ہیں تو اپنے ماضی پر بھی نظرتودوڑائیں، مرادسعید ان میزوں کے اوپر دوڑتے تھے، کیا کیا انہوں نے نہیں کیا؟ ہم سیاسی اور زبانی طورپر دست وگریبان ہوتے رہے، بالآخرمحترمہ اور نوازشریف نے احساس کیا کہ آپس میں یہ چیزیں اور ایک لائحہ عمل بناناچاہیے جس میں اپوزیشن و حکومتی پارٹیوں میں تعلق عزت و آبرو کا رہ سکے، اتنا ضرور کہوں گا کہ جب یہ کسی سے مطالبہ کرتے ہیں تو یہ بھی دیکھ لیا کریں کہ ان کے ہاتھ صاف ہیں یا نہیں، ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور ہم سے بھی ، آئیں چیزوں کو درست کریں اور میثاق جمہوریت پر دستخط کریں اور اس پر عمل کریں، ہمیں ماضی کے کارنامے نہیں بھولنے چاہیں۔
