
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سٹی ٹریفک پولیس نے بغیر رجسٹریشن چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کینال روڈ سمیت ماڈل روڈز پر ان کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق لاہور میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ماڈل روڈز بالخصوص کینال روڈ پر بغیر رجسٹریشن چلنے والے لوڈر اور چنگ چی رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیئے، اب بغیر نمبر پلیٹ چنگ چی اور لوڈر اب سڑکوں پر نہیں چل سکیں گے۔
حکام نے شہریوں اور ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ محفوظ سڑکوں کے قیام میں مدد مل سکے۔
