
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وضاحت پیش کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے معاملے پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا محسن نقوی سے ملاقات میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی جو کہ رپورٹ کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات بنوں میں دہشتگردی کے واقعات اور صوبےکے امن وامان سے متعلق تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر بغیر بتائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کا الزام لگا یا تھا۔
علیمہ خان نے کہا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سہیل آفریدی نے بغیر بتائے محسن نقوی سے ملاقات کی، ہمارے خاندان کو اس ملاقات کا کوئی علم نہیں تھا اور ملاقات میں خاندان کا کوئی بھی رکن موجود نہیں تھا۔
