
مظفرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چودھری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی حقِ خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارت سے آزادی کے لیے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل خطے میں استحکام کی ضمانت ہے، انہوں نے کشمیری عوام کی حمایت اور ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کی بے لوث حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
چودھری لطیف اکبر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔
