
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر حج 2027 کے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے چند منٹ میں درخواست اور ادائیگی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ تقریباً 4 لاکھ پری رجسٹرڈ عازمین حج درخواستوں کے حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، ڈیجیٹل نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے۔
حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان نے کہا کہ بینک کو عازمین حج کی خدمت کا موقع ملنے پر خوشی ہے، حبیب بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا اور اسلامی بینکاری کے تحت عازمین سے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیا جائے گا، ملک بھر میں شریعہ کمپلائنٹ بینکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج کے عمل کی ڈیجیٹلائزیشن عازمین کو آسان، شفاف اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
