
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے مختلف علاقوں پر رات گئے بڑے پیمانے پر یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کراسنودار میں3بچے ہلاک جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب روسی فضائی دفاع نے 351 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حملوں کے دوران روسی ای کامرس کمپنی اوزون کے متعدد لاجسٹک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق روسی وزارت دفاع کے مطابق رات بھر روس کے مختلف علاقوں کے علاوہ بحیرۂ اسود اور بحیرۂ آزوف کے اوپر 351 فکسڈ ونگ یوکرینی ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے روک کر تباہ کیا۔ڈرونز کو استراخان، بیلگورود، بریانسک، کرسک اور روستوف ریجنز، کراسنودار اور ستاوروپول کے علاقوں، جمہوریہ ادیگیا اور کریمیا سمیت بحیرۂ اسود اور بحیرۂ آزوف کے اوپر مار گرایا گیا۔روستوف ریجن کے گورنر یوری سلیوسر کے مطابق روسی فضائی دفاع نے رات کے دوران علاقے کے 4 شہروں اور 14 اضلاع میں 120 یوکرینی ڈرونز اور متعدد کروز میزائل تباہ کیے۔
