
دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی میں مقیم پاکستانی طالبہ فاطمہ اجمل نے ایک بار پھر شاندار تعلیمی کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔ فاطمہ اجمل نے اے لیول پارٹ ون کے تمام مضامین میں A گریڈز حاصل کرکے اپنی شاندار تعلیمی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔
سال 2025 میں فاطمہ اجمل نے کیمبرج آئی جی سی ایس ای کے تمام مضامین، بشمول انگلش، میں A گریڈز حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ اے لیول پارٹ ون میں بھی تمام مضامین میں A گریڈز حاصل کرنا ان کی مسلسل محنت، عزم اور تعلیمی صلاحیت کا ایک اور شاندار ثبوت ہے۔
کیمبرج 2026 اے لیول کے نتائج کے اعلان کے بعد فاطمہ اجمل نے بتایا کہ رواں سال امتحانات کی تیاری ان کے لیے خاصی مشکل رہی۔ جنگ کے باعث اسکولوں کی بندش کے ساتھ اسکول کی لیبارٹری بھی بند رہی، جس کے باعث سائنس کے مضامین کے عملی امتحانات کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فاطمہ اجمل کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں اپنے سابقہ تعلیمی ریکارڈ کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل، والدین کی دعاؤں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی بدولت انہیں ایک بار پھر شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔
فاطمہ اجمل کے لیے اس کامیابی کی خوشی اس لیے بھی زیادہ خاص ہے کہ انہیں اپنے نتائج کی خوشخبری اگست، پاکستان کے ماہِ آزادی میں ملی۔ اسی مناسبت سے انہوں نے اپنی کامیابی پاکستان کے نام کردی۔فاطمہ اجمل نے کہا “میری دلی خواہش ہے کہ دنیا میں جہاں بھی جاؤں، اپنے ملک پاکستان کا نام روشن کروں۔”
فاطمہ اجمل کی مسلسل تعلیمی کامیابیاں نہ صرف ان کے خاندان بلکہ دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ ان کی کامیابی بیرونِ ملک رہنے والے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت، محنت اور عزم کی ایک روشن مثال ہے۔فاطمہ اجمل دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت راجا اجمل اور سینئر پاکستانی صحافی سعدیہ عباسی کی صاحبزادی ہیں-
