
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ سے متعلق جامعہ نے 2 الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے۔
نجی ٹی وی چینل’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کو ریٹائرمنٹ کے فوری بعد 3 سال کے لیے کنٹریکٹ پر پروفیسر آف گائناکالوجی کی حیثیت سے خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ یونیورسٹی نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور ریٹائرمنٹ کے فوری بعد 3 سالہ کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے کے2 الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔
یوں جے ایس ایم یو کے اپنے جاری کردہ دونوں نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئیں اور کسی وقفے کے بغیر 13 اگست سے3 سال کے کنٹریکٹ پر اسی یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔
