
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کیلیے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز‘‘ کے مطابق پیمرا نے نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز کو ناخوشگوار واقعات کی براہ راست کوریج سے گریز کا حکم دیا، اتھارٹی کی جانب سے دھماکے، فائرنگ اور دہشتگرد حملوں جیسے واقعات کی براہ راست نشریات پر پابندی برقرار ہے۔
سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو 20 فروری 2023 کے حکم امتناع پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے پیمرا نے کہا کہ چینلز صرف متعلقہ محکمے یا قانون نافذ کرنے والے ادارے سے تصدیق شدہ معلومات نشر کریں۔
پیمرا نے تمام چینلز کو نشریات میں ٹائم ڈیلے میکانزم مؤثر طور پر استعمال کرنے اور آزاد ادارتی بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔
اتھارٹی نے کہا کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر پیمرا آرڈیننس کی دفعات 29 اے، 30 اور 33 کے تحت کارروائی ہوگی۔
