
رانچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر 250 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کر لیا جس کے بعد سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھارتی بولرز کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق بھارتی ٹیم کی پرفارمنس سے سخت نالاں ہوتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ بھارتی بلے بازوں نے توقع سے زیادہ رنز بنائے، اس لیے شکست کا ذمے دار بیٹنگ کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔اصل مسئلہ بولرز کی ناقص کارکردگی تھی جنہوں نے اپنی ذمے داری کے مطابق بولنگ نہیں کی، بولنگ کوچ کو اپنے بولرز سے کیا توقعات تھیں اور کیا بولرز نے ان توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی، اس کا جواب کون دے گا؟
دوسری جانب سابق بھارتی فاسٹ بولر ورون آرون نے بھی بولنگ کی حکمتِ عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھارت کو فاسٹ بولرز سے دباؤ برقرار رکھنا چاہیے تھا۔پاور پلے کے چوتھے اوور میں اکشر پٹیل کو بولنگ دینا غیر ضروری تھا کیونکہ شائی ہوپ اور رومین پاؤل نئی گیند کے خلاف مشکلات کا شکار تھے، اکشر نے اس اوور میں 16 رنز دیئے۔
