
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم ٹاسک فورس کی اصلاحات کے تحت پاکستانی بحری شعبے میں خود انحصاری اور جدیدیت کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بندرگاہی کارکردگی، تجارت اور کارگو کی ترسیل میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات نے بندرگاہی آپریشنز بہتر بنانے کے لیے 99 قابلِ عمل اصلاحاتی اقدامات کی نشاندہی کی، جن میں سے 85 اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ڈریجنگ کے عمل میں خود انحصاری بڑھاتے ہوئے بندرگاہوں کی مطلوبہ گہرائی برقرار رکھنے کی صلاحیت حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ ڈریجنگ کی استعداد میں مزید توسیع کرکے بحری جہازوں کی آمدورفت اور کارگو فلو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
ٹاسک فورس اور وزارتِ بحری امور کے اقدامات کے نتیجے میں پورٹ کنجیشن میں کمی اور کارگو کلیئرنس کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے۔
