
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون اوریلی سے دوسری شادی کرلی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 62 سالہ کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کی۔ کیمرون آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں اور معروف میڈیا شخصیت و سابق عالمی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون کئی دستاویزی فلموں اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں پہلے کچھ عرصے تک دوست رہے، بعد ازاں ان کا تعلق رومانوی رشتے میں تبدیل ہوگیا۔
جمائما کی دوسری شادی ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ لیڈی اینابیل گزشتہ برس انتقال کرگئی تھیں، جبکہ جمائما کے والد ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ 1997 میں انتقال کرگئے تھے۔دوسری جانب جمائما مسلسل عمران خان کی رہائی کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔ عمران خان 2023 سے مختلف مقدمات میں قید ہیں اور اپنے خلاف عائد کرپشن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی قرار دیتے ہیں۔
