
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، جبکہ کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بعض مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم رات کے اوقات میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، جہلم اور گردونواح میں شام یا رات کے اوقات میں بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں شام یا رات کے اوقات میں بعض مقامات پر بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
