
لاہور(افضل افتخار)پاکستان کرکٹ بورڈ نے زیمبیا میں جاری غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں شرکت کرنے والے سابق پاکستانی کرکٹرز کے خلاف سخت تادیبی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ بغیر این او سی ایسے ایونٹ میں شرکت پی سی بی کے ضابطہ اخلاق اور مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔پی سی بی کے مطابق مذکورہ لیگ کو نہ تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظوری حاصل ہے اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین نے اس ایونٹ کی باقاعدہ اجازت دی ہے، اس لیے کسی بھی پاکستانی سابق کرکٹر کی شرکت کو غیر مجاز تصور کیا جائے گا۔بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اس لیگ میں حصہ لینے والے سابق کرکٹرز کو آئندہ دو برس تک کسی بھی غیر ملکی لیگ یا نمائشی کرکٹ ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایسے افراد اس عرصے کے دوران پی سی بی یا پاکستان سپر لیگ کے تحت کوچنگ، مینٹورنگ، سلیکشن، مشاورتی یا دیگر سرکاری ذمہ داریاں بھی انجام نہیں دے سکیں گے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی مستقبل میں سابق اور موجودہ کرکٹرز کے لیے این او سی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کر رہا ہے تاکہ کھلاڑی صرف ان ایونٹس میں شریک ہوں جو عالمی اور متعلقہ کرکٹ بورڈز کے ضابطوں کے مطابق ہوں
