
کوونٹری ( نمائندہ خصوصی ) دیوان حضوری ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی 40ویں سالانہ آئینِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کی شاندار کامیابی پر آستانہ دیوانِ حضوری، کوونٹری میں کانفرنس کی قابلِ فخر انتظامیہ اور منتظمین کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر پیر دلدار شاہ صاحب نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم کے حوالے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ، فکر اور شاعری آج پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے امتِ مسلمہ کو خودی، خودداری، اتحاد، ایمان، عمل اور بیداری کا درس دیا، لیکن افسوس کہ آج ہم ان کے پیغام سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ہم اپنی دینی اور اسلامی تعلیمات سے بھی بتدریج دور ہو رہے ہیں۔
