
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خدشات اور قونصلر خدمات پر عائد پابندیوں کے باعث امریکی شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے چھ ممالک، ایران، عراق، لبنان، لیبیا، شام اور یمن کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق محکمہ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ ان تمام چھ ممالک کے لیے بدستور سفری انتباہ کی بلند ترین سطح، یعنی لیول فور، پر ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی درجہ بندی کے مطابق شہریوں کو لیول فور میں شامل ممالک کا کسی بھی صورت سفر نہ کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ مقامات خطرناک ہیں۔ کسی بھی صورت یا کسی بھی وجہ سے وہاں نہ جائیں۔‘
امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان، روس، یوکرین، سوڈان اور جنوبی سوڈان کو بھی ان 23 ممالک میں شامل کیا ہے جن کے لیے اس وقت بلند ترین سطح کی سفری وارننگ جاری ہے۔
