
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے ایک اہلکار کو روس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق 41 سالہ سینیئر فوجی اہلکار کو منگل کے روز گلوسٹر کے قریب گرفتار کیا گیا، ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور وہ اس وقت لندن کے ایک پولیس سٹیشن میں زیرِ حراست ہیں۔
کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ لندن نے کہا کہ اس فوجی کو نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعہ ایک اور دفعہ تین کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ایکٹ کی دفعہ ایک محفوظ معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے سے متعلق ہے، جبکہ دفعہ تین کسی غیر ملکی انٹیلیجنس سروس کی معاونت سے متعلق ہے۔
بی بی سی کا خیال ہے کہ یہ فوجی گلوسٹرشائر کے علاقے اِنس ورتھ میں واقع امجن بیرکس میں تعینات تھے۔ یہ بیرکس نیٹو کے الائیڈ ریپڈ ری ایکشن کور (اے آر آر سی) کے ہیڈکوارٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے ایک بیان میں کہا: ’یہ اہم گرفتاری جاسوسی کے الزامات سے متعلق ہے، جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’ایف بی آئی ایسے کسی بھی شخص کے لیے کوئی رواداری نہیں رکھتی جو امریکہ سے اپنے حلف کی خلاف ورزی کرے اور جس کے اقدامات ہماری قومی سلامتی اور ہمارے شراکت داروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں۔‘
