
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھارت کے ابھیشیک شرما کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے منگل کو ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں 2 فل ممبر ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ابھیشیک شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔
صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
فرحان نے سیریز کے آخری میچ میں بھی اپنی عمدہ فارم برقرار رکھی اور محض 47 گیندوں پر 76 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس سے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 168 رنز بنائے۔
تاہم، فرحان کی یہ کوشش پاکستان کو فتح دلانے میں ناکام رہی اور مہمان ٹیم نے ہدف باآسانی 2 وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز میں واحد کامیابی اپنے نام کرلی جبکہ گرین شرٹس نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
