
لاہور(افضل افتخار) پاکستان کرکٹ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا تجربہ پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں کامیاب دکھائی دینے لگا،سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے طیب عارف اور محمد طٰہٰ نے اپنی پہلی ہی آزمائش میں نصف سنچریاں بنا کر شاندار آغاز کیا، جبکہ قومی ٹیم نے چار نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں متعارف کروا کر مستقبل کی تیاریوں کا بھی اشارہ دے دیا۔ دونوں نوجوان بلے بازوں کی پراعتماد بیٹنگ نے نہ صرف شائقین کرکٹ کو متاثر کیا بلکہ قومی ٹیم کے لیے نئے امکانات بھی پیدا کر دیے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کی جانب سے طیب عارف، محمد طٰہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا۔ ان میں طیب عارف نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ محمد طٰہٰ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔طیب عارف نے اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں جس اعتماد اور جارحانہ انداز کا مظاہرہ کیا وہ خاص طور پر قابل ذکر رہا۔ انہوں نے ابتدائی اوورز میں سری لنکن باولرز کو دباو میں رکھا اور اظان اویس کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی۔ دوسری جانب محمد طٰہٰ نے مشکل حالات میں وکٹ پر ٹھہرنے اور لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ان دونوں نوجوانوں کی نصف سنچریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی نئی ٹیسٹ کھیپ میں صلاحیت اور اعتماد کی کمی نہیں۔
