
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اندرونی مضبوطی اور مؤثر سفارتکاری ضروری ہے، ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی شکل ابھی تک غیر یقینی ہے۔
