
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب اور شام نے تناؤ کو کم کرنے، بحرانوں کو قابو میں رکھنے اور اختلافات کو حل کرنے میں بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب اور شام نے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، جہاز رانی کی حفاظت، توانائی کی فراہمی کے تسلسل اور عالمی معیشت کے استحکام پر کسی بھی فوجی تصادم کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا۔
یہ بات سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادے محمد بن سلمان اور شامی صدر احمد الشرع کے درمیان ریاض میں ہونے والے مذاکرات کے ایک سیشن کے دوران سامنے آئی، یہ سیشن شامی صدر کے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر مملکت کے دورے کے ضمن میں منعقد ہوا۔
ملاقات کے آغاز میں شہزادے محمد بن سلمان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا سلام صدر احمد الشرع کو پہنچایا، شامی صدر نے خادم الحرمین الشریفین کے لیے اپنے سلام اور سعودی عرب اور اس کے عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی خواہشات کا اظہار کیا۔
