
گلگت(ڈیلی پاکستان آن لائن) گلگت بلتستان کے شہری علاقوں میں بلدیاتی انتخابات 5 دسمبر کو ہوں گے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ضروری ترامیم کے بعد انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کے مطابق بلدیاتی انتخابات چار مراحل میں منعقد کیے جائیں گے جب کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان کے مطابق پہلے مرحلے میں 5 دسمبر کو گلگت، سکردو اور چلاس کے شہری علاقوں میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے، میونسپل کارپوریشن گلگت کی 42، سکردو کی 21 اور چلاس کی 13 نشستوں پر براہِ راست انتخاب ہوگا۔
