
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلےکا امکان ہے۔
’’جیو نیوز ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کیا ہے۔ اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں اہم وفاقی وزراء سمیت وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ وزارت داخلہ کے حکام خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔ ایمرجنسی لگانے کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، وزیراعظم وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تجویز ہے، خیبرپختونخوا میں اہم اختیارات وفاق کے استعمال کرنے کی بھی تجویز ہے۔ آرٹیکل 232 سے 234 تک غور و خوض کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری کا امکان ہے۔
