
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بارانی دیہی علاقوں میں گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تعداد زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث گھریلو آمدنی میں کمی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتِ حال سے بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
یہ جائزہ رپورٹ ’’شدید گرمی اور زراعت‘‘اقوامِ متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر جاری کی ہے۔
رپورٹ میں شامل تحقیق کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ قبل از وقت بچے کی پیدائش کے امکانات میں چار فیصد اضافہ وابستہ ہے۔ جبکہ گرمی کی لہروں کے دوران قبل از وقت پیدائش کا خطرہ 26 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
معاشرتی عدم مساوات بھی خواتین کو شدید گرمی کے اثرات کے مقابلے میں مزید کمزور بنا دیتی ہے۔ زراعت میں اہم کردار ادا کرنے کے باوجود خواتین کو اکثر زمین اور دیگر اثاثوں کی ملکیت حاصل نہیں ہوتی، جو قرضوں اور مالی سہولتوں تک رسائی کے لیے ضروری ہیں۔ یہ وسائل انہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
موسمیاتی معلومات اور قبل از وقت انتباہی نظام تک محدود رسائی کے باعث خواتین اکثر گرمی کی شدید لہروں سے نمٹنے کے لیے مناسب تیاری نہیں کر پاتیں۔
رپورٹ کے مطابق دیہی خواتین کی جانب سے اپنائی جانے والی حکمتِ عملی، مثلاً خاندان کے دیگر افراد کو کھانا فراہم کرنے کے لیے اپنی خوراک کم کر دینا، ان کی صحت اور قوتِ مدافعت کو مزید متاثر کر سکتی ہے۔ یہ رویے صنفی امتیاز کے وسیع تر رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں، جو موسمیاتی بحران کے دوران خواتین کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں۔
پنجاب کے مقامی بحران سے آگے بڑھتے ہوئے ادارہ زراعت و خوراک اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی دنیا بھر میں زراعت کے تمام شعبوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بن رہی ہے، جس کے براہِ راست اور بالواسطہ دونوں طرح کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت خشک سالی جیسے پہلے سے موجود ماحولیاتی خطرات کو مزید شدید کرتا ہے، تباہ کن جنگلاتی آگ کے امکانات بڑھاتا ہے اور کئی پیچیدہ ماحولیاتی مسائل کو جنم دیتا ہے۔
یہ تمام خطرات نہ صرف عالمی زرعی پیداوار کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ ان زرعی مزدوروں کی جسمانی صحت کے لیے بھی خطرہ ہیں جو موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا براہِ راست سامنا کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں زراعت پر شدید گرمی کے اثرات پہلے ہی واضح ہو چکے ہیں اور سائنسی شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ گرمی زرعی پیداوار میں نمایاں کمی کا سبب بن رہی ہے۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا تو سال 2100 تک دنیا کے تقریباً نصف مویشی خطرناک حد تک گرمی کی زد میں آ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے، اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم رکھنے کا منظرنامہ اختیار کیا جائے تو شدید گرمی سے مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات میں تقریباً دو تہائی کمی لائی جا سکتی ہے۔
آبی نظاموں میں سمندری گرمی کی لہریں پہلے ہی بڑے پیمانے پر آبی حیات کی ہلاکتوں کا سبب بن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ مچھلیوں کے ذخائر بھی ٹھنڈے پانی کی تلاش میں اپنے قدرتی مسکن تبدیل کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، پھلوں اور خشک میوہ جات کے درختوں کے ساتھ قدرتی جنگلات بھی پیداوار میں کمی اور زیادہ بار بار اور شدید جنگلاتی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں زراعت کو پہنچنے والے یہ نقصانات ایک خطرناک ماحولیاتی چکر کو جنم دے رہے ہیں، جب شدید گرمی کے باعث فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار کم ہوتی ہے تو کسان اس نقصان کی تلافی کے لیے مزید زمین کو زرعی مقاصد کے لیے صاف کرنے اور کاشت کاری کا رقبہ بڑھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ شدید گرمی اب صرف موسم کا مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ زراعت، دیہی معیشت، غذائی تحفظ، خواتین کی صحت اور عالمی ماحولیاتی توازن کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔
