
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشتو موسیقی اور سٹیج کے شہنشاہ گلوکار حاجی گلریز تبسم طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ وہ پشتو موسیقی اور سٹیج کے نامور اور مقبول ترین گلوکار تھے۔
حاجی گلریز تبسم کو اپنے دور میں پشتو موسیقی اور سٹیج کا بڑا نام مانا جاتا تھا۔ ان کی نماز جنازہ کاکا خیل ٹاؤن نمبر 1 رنگ روڈ پشاور میں ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم مہابت خان کے فرزند تھے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشتو موسیقی کے معروف گلوکار گلریز تبسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گلریز تبسم کے انتقال سے پشتو موسیقی ایک ممتاز فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔
دریں اثنا مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے بھی گلوکار گلریز تبسم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
