
قصور(ڈیلی پاکستان آن لائن) کنگن پور میں زہریلی کھیر کھانے سے تین سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متاثرہ پانچوں افراد کا تعلق قصور کے علاقے محمود خانیکے سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ آصف، 25 سالہ ناظم اور 15 سالہ امانت شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ناظم علی گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ آصف اور امانت آج دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔
واقعے میں گھر کے سربراہ قاسم علی اور ان کی اہلیہ حسنہ بی بی بھی زہریلی کھیر کھانے سے متاثر ہوئے، جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
