
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری شخصیت عمر حسن ترین کے زیتون کے تیل کے برانڈ نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے لندن انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن میں گولڈ کیٹیگری ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عمر حسن ترین نے بتایا کہ ان کے برانڈ کے زیتون کے تیل کو عالمی معیار، ذائقے اور کوالٹی کی بنیاد پر گولڈ کیٹیگری سے نوازا گیا۔ ان کے مطابق اس بین الاقوامی مقابلے میں دنیا بھر سے تقریباً 1200 سے 1300 معروف برانڈز نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ مقابلے کے لیے انہوں نے اپنے برانڈ کے زیتون کے تیل کے نمونے لندن بھیجے تھے، جبکہ ایونٹ 27 جون کو منعقد ہوا۔ عالمی ماہرین پر مشتمل ججز نے مختلف ممالک سے آنے والے زیتون کے تیل کے معیار، ذائقے اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد برانڈز کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا۔
