
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب جدہ میں منعقدہ چھٹی حج کانفرنس اینڈ ایکسپو کی اختتامی تقریب میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستان حج مشن کو بہترین خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نواز دیا. اعزاز سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبداللہ فتح المشاط اور دیگر اعلیٰ حکام کی جانب سے پیش کیا گیا۔ پاکستان حج مشن کی نمائندگی کرتے ہوئے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل حج محمد عارف اسلم راؤ نے اعزاز وصول کیا ۔
چھٹی حج کانفرنس اینڈ ایکسپو 2026 کی اختتامی تقریب میں دنیا بھر کے سے 150 ممالک کے وفود شریک تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ وفد میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری حج سید عبدالوحید شاہ، جبکہ پاکستان حج مشن سے ڈائریکٹر حج مدینہ زاہد سہیل، ڈپٹی ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان شریک ہوئے۔
پاکستان ان چار ممالک میں شامل تھا جن کے حج مشن سربراہان کو اسٹیج پر مدعو کر کے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ دیگر تین ممالک میں ترکی، ملائیشیا اور عراق شامل تھے۔
