
صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوابی میں نامعلوم شرپسندوں کی پولیس پر فائرنگ سے چوکی انچارج سمیت 2 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ڈی آئی خان میں بھی دہشت گردوں نے تھانے پر حملہ کر دیا۔
دنیا نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پولیس چوکی منصوری کے حدود میں نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج ولید خان سمیت 2 اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمی پولیس اہلکار کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ بندکوائی کے مین گیٹ سے ٹکرا دی۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تھانے کا مین گیٹ اور دیوار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس کے پہنچنے پر دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔
