
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت کو ہٹا کر کوئی دوسرا راج کامیاب نہیں ہو سکتا۔
اپنے ردعمل میں شوکت یوسف زئی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ عوامی راج ختم کرکے کوئی بھی متبادل نظام کامیاب نہیں ہو سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کمٹمنٹ کر کے انہیں دھوکہ دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور صوبے میں امن کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے آئینی اور قانونی جائز حقوق کے حصول کے لیے پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر اور دیگر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے بھاری مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا اور صوبے کے عوام کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
