
سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن)فٹ بال ورلڈ کپ کے تیسرے روز کے پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور قطر کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔
ڈرا کے نتیجے میں قطر کی ٹیم پہلی بار میگا ایونٹ میں پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
سان فرانسسکو میں کھیلے گئے تیسرے دن کے پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور قطر کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، میچ کے تمام وقت سوئٹزرلینڈ کی ٹیم کا پلڑا واضح طور پر بھاری رہا جس نے حریف ٹیم پر کئی خطرناک حملے کیے۔
پہلے ہاف کے 17ویں منٹ میں ایک فاؤل کے نتیجے میں سوئٹزرلینڈ کو پنالٹی کک ملی جس پر بریل ایمبولو نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔
وقفے تک یہی سکور رہا ، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے کی کوشش کرتی رہیں، میچ کے آخری لمحات میں آخر کار قطر کے کھلاڑیوں کی کوششیں کامیاب ہوئیں، ایک موو پر اُن کی جانب سے بوالم کھوکھی نے ہیڈ کے ذریعے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا، اسی سکور پر میچ کا خاتمہ بھی ہوا۔
